نئی دہلی17-فروری(اعتمادنیوز)مرکزکی یوپی اے حکومت حیدرآباد کو 5سال تک مرکزی زیرانتظام علاقہ بنانے کی تجویز رکھتی ہے۔ اس بات کاانکشاف صدرٹی آرایس کے چندر شیکھر راؤ نے ٹی آرایس اور جے اے سی قائدین کے سامنے کیا۔ ذرائع کے مطابق چندر شیکھرراؤ نے آج پارٹی قائدین اور جے اے سی کے بعض اہم قائدین کو ناشتہ پر مدعو کیاتھا۔ اس موقع پر کے سی آرنے تلنگانہ کی تشکیل کے مسئلہ پر ہورہی تیز رفتار تبدیلیوں ‘لوک سبھا اورراجیہ سبھا میں بل کی منظوری جیسے امور پر بات چیت کی۔ اس دوران چندرشیکھرراؤنے کہاکہ مرکزی وزیراور گروپ
آف منسٹرمیں نمائندگی کرنے وا لے جئے رام رمیش نے ان سے دومرتبہ ملاقات کی۔ اس دوران جئے رام رمیش نے بتایاکہ مرکزی حکومت‘سیماآندھرا قائدین کے مطالبات اور بی جے پی کے دباؤ کے پیش نظر حیدرآباد کو 5سال تک مرکزی زیرانتظام علاقہ بناسکتی ہے اس کے لیے ٹی آرایس کو حکومت کے فیصلہ کی تائید کرنی پڑے گی۔ کے سی آرنے بتایاکہ جئے رام رمیش کی اس تجویز کوانہوں نے مسترد کردیااور دوٹوک انداز میں کہاکہ حیدرآباد پر کسی قسم کی تحدیدات کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ حیدرآباد کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔